سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔شبیر احمد شاہ نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ مودی کا بطور وزیراعظم تیسرا دور اقتدارانہیں دیرینہ تنازعات کو حل کرنے اور جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو کم کرنے کا موقع فراہم کرتاہے۔انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ مودی حکومت اپنی کشمیر پالیسی پر نظرثانی کرے اور تنازعہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے جو خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔شبیر شاہ نے کہا کہ اپنے پڑوسیوں کے لئے مسائل پیداکرنے کے بجائے بھارت کو ہٹ دھرمی پر مبنی اپنی پالیسی کو ترک کرنا چاہیے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانا چاہیے۔دوسری جانب کپواڑہ جیل میں ایک دھماکے میں زخمی ہونے والا قیدی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ 19جون کو کپواڑہ جیل میں گیس سلنڈرکے ایک دھماکے میں کم از کم 9قیدی زخمی ہوئے تھے جبکہ ضلع ڈوڈہ میں سڑک اورسفری سہولت کی عدم دستیابی کے باعث مقامی لوگوں نے مریض کو کندھوں پراٹھاکر ہسپتال پہنچایا۔ضلع ڈوڈہ کے علاقے تنتا درمن میں ہنگامی حالات کے دوران مقامی لوگوں نے ایک مریض کو کندھوں پر اٹھا کر کئی کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔