پاکستان کو فوجی آپریشن نہیں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے: حافظ نعیم

Jun 25, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگا) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو فوجی آپریشن کی نہیں، سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ امن، معاشی اور سیاسی استحکام عوام کی رائے سے بننے والی حکومت ہی کے ذریعے آ سکتا ہے۔ امن کا قیام، دہشت گردی کا خاتمہ اور بیرونی مداخلتوں کا سدباب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ماحول اور اعتماد کی بحالی، چین اور دوست ممالک کے سرمایہ کاروں اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والوں کی حفاظت پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے عوام بالخصوص خیبر پی کے اور بلوچستان کے قبائلی عوام فوجی آپریشن کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت نے کہا پارلیمنٹ کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے اور قومی، سیاسی جمہوری قیادت سے بھی کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ماضی کی تاریخ واضح ہے کہ اس طرح کے فوجی آپریشن ناکام ثابت ہوئے ہیں، جس کے باعث خود اداروں کی نیک نامی پر حرف آیا۔ ان آپریشنز کے نتیجہ میں عوام اور فوج کے درمیان خلیج بڑھتی رہی۔ دہشت گردی روکنے کے لیے ضروری ہے کہ انٹیلی جنس، پولیس اور عدالتی نظام کو فعال اور موثر بنایا جائے کیوں کہ آپریشن کے بعد بھی تو سارے معاملات سول اداروں ہی نے سنبھالنے ہیں، لہٰذا جن سول اداروں کا یہ کام ہے انہیں مضبوط بنایا جائے۔ ضرورت ہے کہ پاکستان اپنے دوست ممالک سے بات چیت کے ذریعے خطے کے امن کو بحال کرے۔

مزیدخبریں