راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)تھانہ ویسٹریج کے علاقہ میں تین موٹر سائیکل سوار مبینہ ڈاکوں نے ڈولفن فورس پرفائرنگ کردی اس دوران ڈاکووں کی اپنی فائرنگ سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک اورایک گرفتار کرلیا گیا، تیسرا ملزم فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا ویسٹریج کے علاقہ علی مارکیٹ میں پولیس کو ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی جہاں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک راہگیر لڑکا معمولی زخمی ہوا تھانہ ویسٹریج کی پولیس اور ڈولفن فورس نے ریسپانڈ کیا تو مبینہ ڈاکووں نے پولیس پر بھی فائرنگ کردی ہلاک مبینہ ڈاکو کی شناخت ندیم جبکہ گرفتار ڈاکو کی شناخت شجاعت کے ناموں سے ہوئی ہے واردات میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل اور دو پسٹل برآمد کرلئے گئے برآمد شدہ موٹرسائیکل قبل ازیں ویسٹریج کے علاقہ میں واردات کے دوران ایک شہری سے چھینا گیا تھا ڈاکوں کی فائرنگ سے زخمی لڑکے کو ہسپتال منتقل کردیا گیا مضروب کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے واقعہ کی اطلاع پر ایس ڈی او کینٹ مرزا جاوید اقبال اور دیگر افسران پولیس نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے مذکورہ ملزمان متعدد سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور راولپنڈی پولیس کو مطلوب تھے۔