اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آج 2 روزہ ’’آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹس کانفرنس‘‘ کا آغاز کر رہا ہے، جس میں وفاقی وزراء ، 70 سے زائد چیمبرز کے صدور، سفیروں، سفارت کاروں، صنعت کاروں، تاجر رہنماؤں، ماہرین تعلیم اور میڈیا پرسنزکی شرکت متوقع ہے۔پروگرام میں 'ٹیکس پالیسیاں اور نتائج'، 'بجٹ اور ٹیکس اصلاحات پر ردعمل'، پائیدار صنعتی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کا ماحول، 'علاقائی تجارتی منظرنامے، چیلنجز اور مواقع' پر پریزنٹیشنز بھی شامل ہیں۔پیر کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں، آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ یہ آئی سی سی آئی کا کریڈٹ ہے کہ اس نے 2020 میں پہلی اے پی سی پی سی منعقد کرنے کی پہل کی تاکہ تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا سکے۔ تاجر برادری کے اہم مسائل اور ان کے حل کے لیے حکومت کو تجاویز پیش کیں اور اب ایک بار پھر 25، 26 جون 2024 کو دوسری اے پی سی پی سی بلانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد اہم مسائل پرخیالات کا تبادلہ اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے والے اقدامات پر تعاون کرنا ہے۔ کنکلیو میں کلیدی تقاریر، پینل مباحثے، اور نیٹ ورکنگ کے مواقع پیش کیے جائیں گے، جو کاروباری رہنماؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ اور پالیسی سازوں کے ساتھ مشغول ہونے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔