اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو کیلیے عائشہ رضا فاروق کو مقرر کر دیا۔ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ عائشہ رضا فاروق کی تقرری وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کی گئی ہے اور ان کا فوکل پرسن کا عہدہ اعزازی ہوگا۔فوکل پرسن وزیر اعظم کو انسداد پولیو کے بارے میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گی جبکہ عائشہ رضا فاروق نیشنل پولیو اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گی۔ذرائع نے بتایا کہ عائشہ رضا فاروق انسداد پولیو مہم کی نگرانی اور اس کیلیے بنائی گئی ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گی۔ علاوہ ازیں، وہ پولیو ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلیے سفارشات بھی دیں گی۔ذرائع کے مطابق عائشہ رضا فاروق انٹرنیشنل انسداد پولیو پارٹنرز سے کوآرڈینیشن اور انٹرنیشنل ڈونرز سے رابطے کریں گی جبکہ عالمی سطح پر پولیو سے متعلق پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گی۔
یاد رہے کہ عائشہ رضا فاروق مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت میں وزیر اعظم کی فوکل پرسن رہ چکی ہیں اور وہ سابق سینیٹر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی ہیں۔