دسویں عالمی کرکٹ کپ کا تیسرا کوارٹر فائنل آج ڈھاکہ میں جنوبی افریقہ اورنیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

Mar 25, 2011 | 12:10

سفیر یاؤ جنگ
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلے جانے والا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرکے بہتر پرفارم کرنے کےعزم کا اظہارکیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ ٹیم بھرپور فارم میں ہے اور قسمت نے یاوری کی تو نیوزی لینڈ سے جیت کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزازحاصل کریں گے، ان کا کہنا تھاکہ ٹیم اس بار ورلڈ کپ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اس لئے یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے۔ ادھر نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیئل ویٹوری کا کہنا ہے کہ ہم ہر حال میں یہ میچ جیتنا چاہتے ہیں، اس کے لئے حکمت عملی بھی بنا لی ہے۔ میچ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر اور نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈینئل ویٹوری اہم کردارادا کرسکتے ہیں کیونکہ گراسی وکٹ اب تک حیران کن حد طور پر سپنرز کی مددگار ثابت ہوئی ہے۔ میچ کے دوران سخت موسم کی توقع کی جا رہی ہے اور شام کے وقت شبنم بھی میچ پراثرانداز ہوسکتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک اکاون ون ڈے میچ کھیلے جاچکے ہیں جس میں سے جنوبی افریقہ نے تیس اور نیوزی لینڈ نے سترہ میں کامیابی حاصل کی ہے تاہم ورلڈ کپ کے میچوں میں نیوزی لینڈ کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے پانچ میں سے تین میں جنوبی افریقہ کو شکست دی۔
مزیدخبریں