گجرات+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار) گجرات میں حریف ٹکرائیں گے یا اتحادیوں کا دنگل ہو گا۔ (ق) لیگ کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے حلقہ این اے 105 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا جہاں سے گزشتہ انتخابات میں پی پی رہنما چودھری احمد مختار نے چودھری شجاعت کو ہرایا تھا۔ ترجمان ق لیگ کے مطابق پرویز الٰہی کو این اے 105 گجرات سے ٹکٹ جاری کر دیا گیا، اس حوالے سے چودھری احمد مختار کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی الیکشن لڑنے کا شوق پورا کر لیں، ہم کون سا بھاگے ہیں۔ دریں اثناء(ق) لیگ کی طرف سے اپنے امیدواروں کو مختلف حلقوں کیلئے ٹکٹ جاری کرنے کے سلسلہ کے آغاز کے ساتھ چودھری پرویز الٰہی کو گجرات کے حلقہ سے چودھری احمد مختار کے مقابلہ میں ٹکٹ جاری کرنے کی خبر گردش میں آ گئی۔ اسی بارے میں (ق) لیگ کے سیکرٹری اطلاعات سنیٹر کامل علی آغا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ گجرات سے ٹکٹوں کے معاملات ابھی زیرغور نہیں آئے۔ یہ معاملہ آج زیرغور آئے گا البتہ جہاں تک چودھری پرویز الٰہی کا این اے 105 سے الیکشن لڑنے کا سوال ہے تو اس بارے کوئی دو رائے نہیں ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کا این اے 105 سے الیکشن لڑنے کا پختہ ارادہ ہے اور پارٹی کا بھی یہی فیصلہ ہے۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ کے ترجمان کے مطابق مونس الٰہی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 110 سے الیکشن لڑینگے۔
این اے 105 گجرات‘ پرویز الٰہی کا الیکشن لڑنے کا اعلان ہم کون سے بھاگ گئے ہیں: احمد مختار
Mar 25, 2013