کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ جب تک سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو قانون کے مطابق سزا نہیں دی جاتی بلوچستان سمیت ملک بھر میں پائی جانے والی انارکی ختم نہیں ہوگی۔ نگران حکومت فوری طور پر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرے تاکہ وہ بیرون ملک فرار نہ ہوسکیں۔ نگران وزیراعظم کا انتخاب خوش آئند اقدام ہے امید ہے وہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سابق ایڈ¶وکیٹ جنرل بلوچستان صلاح الدین مینگل کی 10وکلاءساتھیوں اور ضلع خاران ، واشک سے تعلق رکھنے والے قبائلی و سیاسی رہنما میر عبدالخالق محمد حسنی ،میر محمداعظم قمبرانی سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ نواب ثناءاللہ زہری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہئے کیونکہ سابق آمر پرویز مشرف نے مخلوط حکومت کو ختم کرکے اقتدار پر قبضہ کیا اور مسلم لیگ (ن) سے لوگوں کو توڑ کر (ق) لیگ کو بنایا اس میں ہمارے ہی ساتھی ہیں پارٹی میں آنے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان سمیت ملک بھر میں جو کچھ ہورہا ہے یا عوام جو خمیازہ بھگت رہے ہیں وہ تمام سابق آمر پرویز مشرف کی پالیسیوں اور غلط اقدامات کا نتیجہ ہے انکی پاکستان آمد کے حوالے سے میں کچھ نہیں کہتا کیونکہ انہوں نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی ہے نگران حکومت کو چاہئے کہ وہ نواب اکبر بگٹی سمیت بلوچستان کے سینکڑوں نوجوانوں کے قتل سمیت سانحہ لال مسجد اور وزیرستان میں غلط اقدامات کرنے پر انہیں گرفتار کرکے عدالتوں میں پیش کرے۔ عوام سابق آمر کو سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں اگر انہیں کوئی ریلیف دیا گیا تو عوام میں شدید غم و غصہ اور نفرت پائی جائے گی جس سے حالات مزید خراب ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق آمر پرویز مشرف کو بلوچستان میں لاکر ٹرائل کیا جانا چاہئے کیونکہ یہی بلوچستان کے عوام کی خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بنگلہ دیش میں شیخ مجیب الرحمان کے قاتلوں کو بڑی مدت کے بعد عدالت میں پیش کرکے سزا دی گئی اسی طرح سابق آمر کے ساتھ بھی یہی کرنا چاہئے۔ اس سے قبل بلوچستان کے سابق ایڈ¶وکیٹ جنر ل صلاح الدین مینگل ایڈ¶وکیٹ نے اپنے چیمبر کے 10وکلاءسمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کرتے ہوئے کہا کہ اب پارٹی میں شامل ہوکر پارٹی کے تمام مقدمات کیلئے اپنی خدمات پیش کرتا ہوں کیونکہ مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت کافی عرصے سے ہمارے ساتھ رابطے میں تھی۔
مشرف کو سزا ملنے تک ملک میں انارکی ختم نہیں ہو گی: ثناءاللہ زہری
Mar 25, 2013