شہبازشریف یاد رکھیں ضیاءکا ریفرنڈم نہیں، عام انتخابات ہیں: راجہ ریاض

Mar 25, 2013

لاہور(خبر نگار) پیپلزپارٹی کے راہنما راجہ ریاض نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاہے کہ شہباز شریف کی ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ پاکستان کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکی مخالفت صرف طالبان یا اسکے اتحادی، کچھ پاکستان دشمن ممالک اور شہباز شریف نے کی ہے۔ جس سے لگتا ہے کہ وہ کسی دشمن ملک کے ترجمان کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضیاءالحق بھی پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی خواہش کیساتھ ہی چلے گئے تو پھر انکی باقیات پیپلز پارٹی کا کیا بگاڑ سکتی ہیں۔صدر نے الیکشن 11مئی کو کرانے کا اعلان کر کے پیپلزپارٹی کو پورے اعتماد کے ساتھ عوام کی عدالت میں پیش کر دیا۔ پاکستان کی باشعور عوام جمہوری حکومت کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ بھی منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب کے عوام شہباز شریف کی کرپشن نااہلی اوربد انتظامی کا حساب لیں گے جو انہوں نے میٹروبس ، اجالا ، لیپ ٹاپ ، آشیانہ ہاوئسنگ سکیم اور دانش سکول کے نام پر اربوں روپے ضائع کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اب یہ بات ذہین نشین کرنا ہو گی کہ 11مئی کو ئی ضیاءالحق ریفرنڈم نہیں ہے بلکہ آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا دن ہے۔

مزیدخبریں