(ن) لیگ نے کبھی جمہوری مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا، مخالفین کو سرپرائز دینگے: شجاعت، پرویزالٰہی

لاہور (خبرنگار) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ’ن‘ لیگ نے کبھی جمہوری مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا، (ق) لیگ آئندہ عام انتخابات میں مخالفین کو بہت بڑا سرپرائز دے گی، پنجاب میں ہماری صرف ایک بار 5سال تک حکومت رہی لیکن ہم نے شریف برادران کی 3-3 حکومتوں کے مقابلہ میں غریب اور عام آدمی کی خدمت سمیت ہر شعبہ میں کئی گنا بہتر اور مﺅثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے ہمیشہ صاف گوئی سے کام لیا، ظلم کا مقابلہ کیا، ماضی کی طرح اپنے وعدے پورے کرینگے، عوام ماضی کی کارکردگی دیکھ کر ووٹ دیں گے، میڈیا کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وہ گذشتہ روز مسلم لیگ ہاﺅس میں پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں دینے والے امیدواروں کی بہت بڑی تعداد سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید نے کہاکہ دوسری جماعتیں منشور میں جو وعدے کر رہی ہیں وہ کام ہم پہلے ہی کر چکے ہیں جبکہ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی دھونس، لالچ، جھوٹے مقدمات اور انتقامی کارروائیوں کے باوجود 5سال ثابت قدم رہنے والے ساتھیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے خراب حالات کے باوجود پارٹی پرچم سربلند رکھا۔ شجاعت حسین نے کہا کہ ہم نے اور ہماری پارٹی نے ہمیشہ عوام کو حقیقت سے باخبر رکھنے اور ظلم کو روکنے کی کوشش کی ہے یہی وجہ ہے کہ بطور وزیراعظم عراق فوج بھیجنے کی فائل پر دستخط نہیں کئے تھے۔ پرویزالٰہی نے مزید کہاکہ 2008ءکا الیکشن ہماری شاندار خدمات کے باوجود ایک خاص جذباتی ماحول کی نذر ہو گیا لیکن پھر بھی ہماری جماعت کے امیدواروں نے پنجاب میں سب سے زیادہ ووٹ لئے، ہمارے امیدوار اپنی شاندار عوامی خدمت کے باعث سر اونچا کرکے ووٹروں کے پاس جائیں گے، انہیں چاہئے کہ وہ اپنے اپنے حلقہ میں ہماری پانچ سالہ حکومت کے دوران ہونے والے ریکارڈ کاموں کی طرف عوام کی توجہ دلائیں اور یہ بتائیں کہ ہمارے بعد آنے والوں نے ہمارے سرپلس صوبہ کو 500ارب روپے کا خسارہ دیا اور ناکام شیخ چلی منصوبوں میں پنجاب کا سارا بجٹ جھونک دیا، جاتی عمرا کی لوٹا ساز فیکٹری جمہوریت اور عوام کی دشمن ہے، عوام شریف برادران اور ہماری کارکردگی کا موازنہ کریں گے اور ہمارے امیدواورں کی انتخابی مہم کا محور ہمارے 14بے مثال کام ہوں گے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ انتخابی مہم کا آج سے لاہور میں آغاز کر دیا گیا ہے، پنجاب میں بطور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی شاندار کارکردگی اور عوامی خدمات سب کے سامنے ہیں جبکہ مخالفین کی کارکردگی ہمیشہ صفر رہی ہے علاوہ ازیں سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب حکومت کی جانب سے دسویں جماعت کے نصاب سے اردو کی نئی کتاب سے نظمیں نکالنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے (ن) لیگ کے حکمرانوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے اور یہ مغربی قوتوں اور اسلام دشمن عناصر کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگی رہنماﺅں نے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی نظریہ سے متعلق مضامین نکال کر ہندو شاعر فراق گورکھ پوری کی شاعری کو نصاب میں شامل کرنے سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، پنجابحکومت فوری طور پر اپنا فیصلہ واپس لے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...