اے این پی نے منشور کا اعلان کر دیا، امیدواروں کے نام فائنل

Mar 25, 2013

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عوامی نیشنل پارٹی نے عام انتخابات 2013ءکیلئے پارٹی منشور کا اعلان کر دیا جب کہ قومی اور صوبائی حلقوں کیلئے امیدواروں کے نام فائنل کر لئے۔ اسفندیار ولی این اے 7 چارسدہ سے الیکشن لڑیں گے۔ امیر حیدر ہوتی این اے 9 سے امیدوار ہوں گے جب کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 23 پر بھی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ میاں آفتاب حسین پی کے 12 سے امیدوار ہوں گے۔ پی کے 13 سے شاہد خان خٹک، پی کے 14 سے ملک آفتاب احمد خان، پی کے 15 سے خلیل عباس خٹک، پی کے 16 سے پرویز احمد خان، این اے 5 سے داﺅد خان خٹک این اے 6 سے مسعود عباس خٹک ، این اے ون سے غلام احمد بلور، پی کے ون سے ہارون بلور، پی کے 3 سے غضنفر بلور، پی کے ٹو سے غلام مصطفی، پی کے 4 سے عاقل شاہ، پی کے 7 سے عزیز غفار، پی کے 8 سے ارباب نذیر اور پی کے 9 سے ارباب عثمان الیکشن لڑیں گے۔ علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے پارٹی منشور میں پرامن پاکستان سرفہرست رکھا گیا ہے، آزاد خارجہ پالیسی کے علاوہ چین‘ افغانستان‘ ایران اور بھارت سمیت دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات، قانونی‘ سیاسی و انتظامی اصلاحات، صوبوں کو مزید خود مختار بنانا، ترقیاتی کام کرکے مزدوروں کو حقوق دینا، ملازمت کے مواقع پیدا کرنا، صنعتوں کا قیام، کھیل و سیاحت کے مواقع بڑھانا، عورتوں‘ بچوں‘ بوڑھوں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ شامل ہیں۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر حاجی عدیل نے منشور کا اعلان کیا۔ حاجی عدیل نے کہا اے این پی پرامن پاکستان دیکھنا چاہتی ہے، توانائی کے بحران کے خاتمے کےلئے پن بجلی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنا، تمام یونٹس کو برابری کی بنیاد پر مالیاتی حق سمیت تمام معاملات میں دینا، بےروزگاری کا خاتمہ کرنا، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا، جنوبی اضلاع میں آئل اینڈ گیس کے شعبے کی ترقی کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانا، کسانوں کو برابر حیثیت دینے کےلئے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا، خواتین کےلئے روزگار کے مواقع پیدا کرکے بااختیار بنانا، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کےلئے زیادہ سے زیادہ بجٹ، سرمایہ کاروں کو بہتر مواقع دینا، جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا، نسلی اور مذہبی بنیادوں پر امتیاز کا خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا فاٹا کو خیبرپی کے میں شامل کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں