کھڈیاں خاص، جلالپور بھٹیاں (نامہ نگاران) خسرہ سے کھڈیاں خاص میں دو بہن بھائی جبکہ جلالپور بھٹیاں میں ایک ہی خاندان کے 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔ وباءکے پھیلنے کے اندیشے کے پیش نظر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق خسرہ نے بستی قبرکوٹ کھڈیاں کے رہائشی شاہ محمد کی 8 سالہ بیٹی نسیم اور 7 سالہ بیٹے شاہد کی جان لے لی۔ پڑوس میں محمد مشتاق کی 11 سالہ بیٹی اور 1 سالہ بچی اقراءبھی اس وباءمیں مبتلا ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے بروقت سدباب نہ کیا گیا تو ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے جس سے لوگ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ دوسری جانب جلالپور بھٹیاں میں ایک ہی خاندان کے تین بچے خسرہ کی بیماری میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو گئے۔ 2 سالہ ثمر عباس، ڈیڑھ سالہ ثانیہ اور 3 ماہ کی غلام فاطمہ چند روز قبل خسرہ کی بیماری میں مبتلا ہو گئیں، جنہیں جلالپور بھٹیاں رورل ہیلتھ سنٹر سمیت مختلف مقامی ڈاکٹروں کے پاس لیجایا گیا لیکن وہ صحت یاب نہ ہو سکے اور ہلاک ہو گئے۔ تینوں بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔
خسرہ: کھڈیاں خاص، جلالپور بھٹیاں میں بہن بھائی سمیت 5 بچے جاں بحق
Mar 25, 2013