لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اجمل خان نے کہا ہے کہ اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیکر جونیئر کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا تھا تاکہ مستقبل میں آنے والے ٹورنامنٹس کے لیے نئی لاٹ کو تیار کیا جا سکے۔ ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیکر مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ”نوائے وقت“ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کے تجربہ میں اضافہ ہو جائے گا، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کئے گئے ۔ اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کوئی رینکنگ ٹورنامنٹ نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ سینئر کھلاڑیوں کے بارے میں کبھی نہیں کہا گیا کہ ان کا مستقبل ختم ہو گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے انہیں آرام کی غرض سے اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ کے لیے قومی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کا اصل ٹارگٹ 2014ءکا عالمی کپ ہے جس کو مد نظر رکھ کر سینئر کھلاڑیوں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے ٹیم کے ڈیفنس کے شعبہ پر محنت کرنے کی ضرورت ہے خاص طور پر گول کیپنگ کا شعبہ بہت کمزور ہے، پی ایچ ایف حکام کو درخواست کرینگے کے ملک بھر میں گول کیپنگ کے اوپن ٹرائلز کا انعقاد کر کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے۔