بلوچستان کے ضلع جعفر آباد سے تعلق رکھنے والے 84 سالہ جسٹس ریٹائرڈ میر ہزار خان کھوسو آج دوپہر ایک بجے ایوان صدر میں نگراں وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نگراں وزیراعظم سے حلف لیں گے۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے دیگر اہم شخصیات کے ساتھ سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بھی دعوت نامے بھجوائے گئے ہیں۔ کل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مجوزہ چار ناموں میں سے نگراں وزیرِ اعظم کے لئے میر ہزار خان کھوسو کا نام منتخب کیا۔ پاکستان میں پہلی بار بیسویں آئینی ترمیم کے تحت نگراں وزیر اعظم کے تقرر کا طریقہ کار اپنایا گیا،تین روز میں قائد حزب اختلاف اور وزیر اعظم میں اتفاق نہ ہوا، پھر پارلیمانی کمیٹی بھی کسی نام پر متفق نہ ہوسکی اور الیکشن کمیشن کے ارکان بھی دو روز سر جوڑ کر بیٹھے لیکن اتفاق رائے نہ ہوا اور تیسرے دن کثرت رائے سے میر ہزار خان کھوسو کو نگراں وزیراعظم مقرر کردیا گیا۔ کمیشن نے میر ہزار خان کھوسو کے بطور نگراں وزیرِ اعظم تقرر کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے
نامزد نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ میرہزار خان کھوسو آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
Mar 25, 2013 | 10:23