لاہور/ اسلام آباد (آئی این پی) ملک بھرمیں موسم میں تبدیلی کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھنے لگی‘ شارٹ فال بھی 2ہزار سے بڑھ کر 2400تک جا پہنچا‘ لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں مسلسل 2گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی شروع ہو گئی جبکہ واپڈا ذرائع کاکہنا ہے گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافے کا خطرہ موجود ہے۔ این ٹی ڈی سی کے ذرائع کے مطابق سوموار کے روز ملک بھر میں بجلی کی پیداوار 8900میگاواٹ رہی جس میں ہائیڈرل کے ذریعے 2230میگاواٹ، تھرمل کے ذریعے 1440میگاواٹ اور آئی پی پیز کے ذریعے 5230میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ 11300میگاواٹ رہی جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔