ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: اعصاب شکن مقابلہ‘ جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ سے فتح چھین لی‘ سری لنکا نے آسان ترین ہدف پر ہالینڈ کو ڈھیر کر دیا

Mar 25, 2014

چٹاگانگ (سپورٹس ڈیسک/نیوز ایجنسیاں) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ون کا اہم میچ جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو یقینی کامیابی سے محروم کر کے کامیابی حاصل کر لی ۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ اس کامیابی سے ٹورنامنٹ میں واپس آ گیا‘  میچ کے آخری لمحات میں  جنوبی افریقہ کی سٹین گن چل پڑی ‘ اندھا دھند فائرنگ سے 4 کیوی بلے بازوں کو ڈھیر کر کے  ٹیم کو کامیابی دلا دی‘جنوبی افریقہ کے کامیابی کیلئے  دئیے گئے 171 رنز کے ہدف کو کیوی بلے باز حاصل نہ کر سکے ‘ میچ کی آخری گیند پر جیت کیلئے درکار تجربہ کار کیوی  بلے باز راس ٹیلر 3 رنز نہ بنا سکے ‘ کیوی بلے بازوں کے ہاتھوں  جنوبی افریقن بائولر مورنی مورکل کی زبردست دھنائی 3 اوورز میں 50 رنز دئیے‘جنوبی افریقہ کی طرف سے جین پال ڈومنی کی شاندار بلے بازی43 گیندوں پر 86 رنز بٹورے ‘ ہاشم آملہ نے 41 رنزبنائے ‘نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی اور کورے اینڈرسن نے 2,2 وکٹیں لیں ‘ راس ٹیلر62 اور ولیم سن 51 رنز بنا کر نمایاں رہے شاندار بلے بازی پر جین پال ڈومنی کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔ پیر کو یہاں ظہوراحمد اسٹیڈیم چٹاگانگ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سپرٹین گروپ ون میں جنوبی افریقہ کیخلاف کیوی کپتان برینڈن مک کلم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پروٹیز نے 20اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنائے۔جے پی ڈومینی 43گیندوں پر 86رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے اسکور میں 10چوکے اور 3چھکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی اور کورے اینڈرسن نے 2,2 وکٹیں لیں ۔ جواب میں  نیوزی لینڈ کی جانب  سے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا گیا۔   ولیم سن  اور راس ٹیلر کے سوا کوئی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا‘ میچ کے آخری لمحات میں جب نیوزی لینڈ کی کامیابی یقینی نظر آ رہی تھی ڈیل سٹین نے اپنی تباہ کن بائولنگ سے یکے بعد دیگرے 4 کیوی بلے بازوں کو آئوٹ کر کے  سنسنی پھیلا دی اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔  پاکستانی نژاد جنوبی افریقن سپنر عمران طاہر نے بھی اچھی بائولنگ کا مظاہرہ کیا۔ڈیل سٹین نے 17 رنز کے عوض 4 اور عمران طاہر  نے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار بلے بازی پرجین پال ڈومنی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 ، سری لنکا نے ہالینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی، ہالینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تاریخ  کے کم ترین سکور 39 پر آئوٹ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 19 ویں میچ میں سری لنکا کے کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ ہالینڈ کی ٹیم سری لنکا کے مضبوط بائولنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم تاریخ کے کم ترین سکور 39 پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹام کوپر نے سب سے زیادہ 16 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی ڈچ بلے باز دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔ پانچ کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوز اور اجنتھا مینڈس نے تین، تین جبکہ لاستھ مالنگا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکا نے ہدف بآسانی 5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کسال پریرا 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، تلکرتنے دلشان نے 12 اور مہیلا جائے وردنے نے 11 رنز بنائے۔ اینجلو میتھیوز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزیدخبریں