اسلام آباد (آئی این پی) ایوان صدر میں سابقہ دور کی باقیات کی وجہ سے صدر ممنون حسین کو یوم پاکستان کی تقریب کیلئے فراہم کی گئی سلوٹوں سے بھری انتہائی خراب سلائی والی شیروانی فراہم کرنے کی تحقیقات شروع ہوگئیں‘ یوم پاکستان کی انتہائی اہم تقریب میں صدر مملکت کی پہنی ہوئی شیروانی کا وزیراعظم سمیت کئی شخصیات نے نوٹس لیا تھا ۔ پیر کو ذرائع کے مطابق یوم پاکستان کی اہم تقریب جس میں نہ صرف وزیراعظم‘ مسلح افواج کے سربراہان سمیت ملک کی اہم ترین شخصیات اور بڑی تعداد میں غیر ملکی سفارتکار اور دیگر مہمان شریک تھے کے دوران صدر مملکت نے جو شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی وہ کسی طرح بھی اس تقریب میں پہننے کے قابل نہیں تھی۔ ذرائع کے مطابق شیروانی کی فٹنگ صدر مملکت کے سائز کے مطابق نہیں تھی جبکہ اسے تقریب کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب استری بھی نہیں کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق صدر کو یہ شیروانی سلوا کر فراہم کرنے والا سٹاف سابقہ دور کی باقیات میں سے ہے اور اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ یہ سب کسی سوچی سمجھی سازش کا حصہ تو نہیں کہ صدر مملکت کو اس اہم ترین قومی تقریب میں غیر معیاری شیروانی پہنا کر ان کی قدر و منزلت کو نقصان پہنچایا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر نے خود بھی تقریب کے دوران اس شیروانی کی وجہ سے نہ صرف اپنی سبکی محسوس کی بلکہ وہ سارا وقت انتہائی بے چین نظر آئے ۔