حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) حافظ آباد کے مقامی میرج ہال میں شادی کے موقع پر مضر صحت کھانا کھانے سے 30 سے زائد افراد کی حالت خراب ہوگئی جن میں سے پانچ کو تشویشناک حالت کے پیش ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ نواحی گائوں بھون کلاں میں غلام سرور مانگٹ کی بیٹی کی شادی کی تقریب چک چٹھہ کے قریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی شادی کی تقریب میں کھانا کھانے کے بعد جب دولہن کے اہلخانہ اور قریبی رشتہ دار گھر واپس پہنچے تو انکی حالت خراب ہوگئی اور متعدد بچے اور خواتین بے ہوش ہو گئیں۔ محمود صادق، سدرہ، آسیہ، لائبہ، قمر وغیرہ کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے تمام افراد کی حالت مُضر صحت کھانا کھانے سے خراب ہوئی ہے۔