تحریک پاکستان کے دوران جدوجہد آزادی میں مسلم لیگ اور نوائے وقت دونوں کا بہت گہرا تعلق ہے۔ ایسے میں حمید نظامی (مرحوم) اور محترم مجید نظامی (مرحوم) کے والہانہ قائدانہ کردار کی بدولت تحریک پاکستان میں ایک منفرد اور نمایاں مقام ہے جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ نوائے وقت کے اجراءسے لیکر آج تک روزنامہ نوائے وقت نے جس ذمہ دارانہ‘ شفاف صحافت اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کردار ادا کیا ہے‘ وہ محب وطن‘ نظریاتی پاکستانیوں کا عظیم سرمایہ ہے۔ وہ نوائے وقت کو پڑھنا اور اس سے منسلک رہنا باعث فخر اور باعث اطمینان سمجھتے ہیں۔
ملکی حالات چاہے جس موڑ سے گزر رہے ہوں‘ نوائے وقت کا کردار ہمیشہ قائدانہ اور ذمہ دارانہ رہا ہے۔ ادارے نے ہر اہم اور نازک دور میں تمام طبقات کیلئے غیرجانبداری سے کوریج کو ترجیح دی جس کا نتیجہ ہے کہ روزنامہ نوائے وقت ہر طبقے‘ ہر پارٹی اور فرقے کے لوگوں میں یکساں مقبول ہے۔ یہی ادارے کی سب سے بڑی کامیابی ہے کہ اس نے ہمیشہ سب کو مطمئن کیا ہے نہ کہ کسی ایک فرد یا گروہ کو اولیت دی ہے۔ معاشرے کے محروم اور ظلم کی چکی میں پسے لوگوں کی آواز اربارب اختیار تک پہنچانا ادارے کا ہمیشہ سے خاصا رہا ہے۔ تحریک پاکستان سے وابستہ ارکان اور یادوں کو ادارے نے ہمیشہ سرفہرست رکھا ہے۔ اس سلسلے میں ادارے کے سربراہ محترم مجید نظامی (مرحوم) جوکہ روزنامہ نوائے وقت کے معمار ہیں‘ کا کردار بے حد اہم اور قابل تعریف ہے۔ آپ نے جس طرح نظریہ پاکستان فاﺅنڈیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے کارکنان تحریک پاکستان کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے نہ صرف گولڈ میڈلز سے نوازا‘ بلکہ غریب اور مستحق تحریک پاکستان کے کارکنوں کو حکومت پنجاب سے کہہ کر وظائف لگوانے کے علاوہ فری علاج اور پلاٹ بھی دلوائے جوکہ اپنا گھر بار چھوڑکر پاکستان میں آئے۔ ایسے اصل حق داروں کا حق پہنچاتے ہوئے انہیں حق دلوانے پر اور پھر تحریک پاکستان کی اصل روح کوزندہ رکھنے کیلئے آپ نے جن نازک مراحل میں بھی اپنا حق ادا کیا‘ آپ کے اس کردار نے آپ کو تاریخ میں ہمیشہ کیلئے زندہ و جاوید کر دیا ہے کہ جس طرح آپ نے اپنے اخبار اور عملی طورپر نظریہ پاکستان کے پاسبان کی حیثیت سے انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہوئے نوجوان نسل جوکہ ایک نازک ٹہنی کی طرح ہوتی ہے اسے جدھر چاہو موڑ لو‘ ان کے لہو کی آبیاری کیلئے سکولو ںاور کالجز کے طلباءاور طالبات کی رگوں میں نظریہ پاکستان رچا بسا دیا‘ اس سے پہلے کہ ان کا رخ کہیں اور موڑ دیا جاتا‘ آپ نے بروقت بچوں کی درست تربیت کی طرف دھیان دیا اور اپنے پیچھے اچھی خاصی ٹیم بھی تیار کرکے چھوڑ گئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جس طرح روزنامہ نوائے وقت نے پہلے ہمیشہ سے شفاف‘ ذمہ دارانہ‘ قائدانہ کردار کی بدولت قوم کی نازک ٹہنیوں کی تربیت اور قرارداد پاکستان کے مطابق قیام پاکستان کے اہم پہلوﺅں کو اجاگر کرنے کیلئے‘ نوجوانوں‘ بچوں اور تمام پاکستانیوں کو حب الوطنی سے سرشار کرنے کیلئے جو کردار ادا کیا‘ ہے وہ اسی جذبے کے ساتھ قائم و دائم رکھا جائے۔اس کے علاوہ نظریہ پاکستان کو بھی جس طرح ہر موڑ پر زندہ رکھا‘ امید ہے اسی والہانہ پن کو برقرار رکھا جائے گا۔ آخر میں اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ادارے کے تمام اراکین کو اپنی سابقہ ساکھ‘ مقام اور احساس کو محترم مجید نظامی (مرحوم) کی سوچ کے مطابق قائم و دائم رکھنے کی توفیق اور ہمت عطا فرمائے۔ (آمین ثم آمین۔)