لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انجینئرنگ کانگریس کے صدرانجینئر عبد القادر شاہ نے کہا کہ سندھ اور اسکے اکثریتی عوام کالا باغ ڈیم کیخلاف نہیں ،اس اہم آبی ذخیرے کو رائے عامہ ہموار کر کے تعمیر کیا جا سکتا ہے۔ پی ای سی کے زیراہتمام عالمی یوم آب کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالا باغ اور بھاشا ڈیم جیسے بڑے آبی ذخائر ہوتے تو 2010-11میں سینکڑوں انسانی جانیں ضائع ہوتیں نہ پندرہ ارب ڈالرکا قومی نقصان برداشت کرنا پڑتا۔انجینئر افتخار احمد اور انجینئر کیپٹن(ر) قدیر نے خبردار کیا کہ پاکستان تیزی سے قحط سالی کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے فی کس پانی کی دستیابی 5263 ملی میٹر سے گر کر صرف900ملی میٹر رہ گئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بڑے آبی ذخائر کے لئے ملکی سطح پر ایمرجنسی نافذ کی جائے۔