اسلام آباد (آن لائن) منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کے موٹاپے کے معاملے پر اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے ورزشی مشینوں کی خریداری کیلئے ایان سے ساڑھے تین لاکھ روپے مانگ لئے۔ جیل انتظامیہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ ماڈل ایان علی کا جیل میں ورزش نہ کرنے اور مسلسل مرغن کھانوں کی وجہ سے 3 سے 5 کلوگرام وزن بڑھ چکا ہے جس پر انہوں نے جیل انتظامیہ سے ورزشی مشینوں کی دستیابی کی درخواست کی تھی جس پرجیل انتظامیہ نے ماڈل کو مشینوں کی مالیت اور تنصیب سمیت تمام معاملات کابل بنا کر بھیج دیا جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ وزشی مشینوں پر ساڑھے تین لاکھ روپے کاخرچ آئیگا جو انکے جیل سے رہا ہونے کے بعد جیل انتظامیہ کیلئے انکی طرف سے ایک تحفہ ہوگا اور یہ مشینیں واپس نہیں کی جائیں گی جس کا تاحال ماڈل ایان علی نے کوئی جواب نہیں دیا۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق ماڈل ایان علی کی حوالگی کیلئے سندھ حکومت نے وفاق کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایان علی نے کراچی سے بیرون ملک 20 سے زائد افراد کی رقم غیرقانونی بھجوائی اسلئے تفتیش کیلئے سندھ حکومت کے حوالے کیا جائے۔