اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) لیاری کے گینگ وار سرغنہ عزیر بلوچ کی واپسی کا معاملہ تعطل کا شکار ہو گیا۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر انٹر پول شہزاد حیدر اور سندھ پولیس کے ایس ایس پی نوید خواجہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم عزیر بلوچ کی تحویل میں ناکامی کے بعد وطن واپس آ گئی۔ اطلاعات کے مطابق عزیر بلوچ کی حوالگی کا معاملہ مزید چند روز تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ ملزم کو اپریل کے شروع میں پاکستانی حکام کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ عزیر بلوچ کراچی کے علاقے لیاری میں جرائم پیشہ عناصر کے ایک بڑے گروپ کا سربراہ ہے جس پر اپنے مخالف گینگ لیڈر ارشد چپو کو بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کے علاوہ کراچی کے مختلف تھانوں میں 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔