صولت مرزا کی پھانسی یکم اپریل کو ہو گی، شفقت کی سزار پر عملدرآمد 30 روز کیلئے موخر

Mar 25, 2015

کراچی‘ مچھ (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں)کراچی کی انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے صولت مرزا کے نئے ڈیتھ ورانٹ جاری کردیئے ہیں، صولت مرزا کو یکم اپریل کو مچھ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ گذشتہ روز صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ کے لئے مچھ جیل کے حکام نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کو مراسلہ بھیجا تھا کہ صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے جائیں۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے صولت مرزا کی سزائے موت کیخلاف نظرثانی کی دوسری اپیل بھی مسترد کرتے ہوئے سزا کو برقرار رکھا تھا، جس کے مطابق صولت مرزا کو 19مارچ کو پھانسی دی جانی تھی لیکن پھانسی سے محض چند گھنٹے قبل صولت مرزا کے ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے متعلق اعترافی بیان سامنے آنے کے بعد پھانسی بہتر گھنٹے کیلئے مؤخر کی گئی تھی۔ صولت مرزا کے ویڈیو بیان میں سنسنی خیز انکشافات کے بعد سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا تھا۔ ویڈیو بیان منظرِ عام پر آنے کے بعد بلوچستان حکومت کی جانب سے صولت مرزا کے ویڈیو پیغام کے معاملے پر انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔ واضح رہے ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا نے 5جولائی 1997ء کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے ایم ڈی شاہد حامد، انکے ڈرائیور اشرف بروہی اور محافظ خان اکبر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ صولت مرزا کو کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہد حامد سمیت تین افراد کے قتل کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی گئی، مقتول شاہد حامد کی بیوہ نے صولت مرزا کو شناخت کرلیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ، سپریم کورٹ اور صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے صولت مرزا کی رحم کی اپیل کو مسترد کیا جاچکا ہے۔ سنٹرل جیل مچھ کو صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ موصول ہو گئے ہیں۔ جیل انتظامیہ کے مطابق صولت مرزا کو یکم اپریل کو صبح ساڑھے پانچ پھانسی بجے دی جائے گی۔ ادھر سنٹرل جیل مچھ میں قید صولت مرزا کی وڈیو ریکارڈنگ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی آئی جی جیل خانہ جات کی سربراہی میں تشکیل دی گئی۔ ان کے علاوہ ڈی آئی جی جیل خانہ جات مسز ممتاز بلوچ اور ڈپٹی سیکرٹری داخلہ نصیر احمد ناصر اور سپرنٹنڈنٹ مچھ جیل اسحاق زہری بھی شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی پتا لگائے گی یہ وڈیو سنٹرل جیل مچھ میں ریکارڈ کی گئی یا نہیں۔ کمیٹی اپنی تحقیقات میں پیشرفت سے 7 روز میں صوبائی محکمہ داخلہ کو آگاہ کرے گی۔ دریں اثنا کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شفقت حسین کی پھانسی مزید 30 روز کیلئے موخر کر دی ہے۔ شفقت حسین کی پھانسی کے ڈیتھ وارنٹ گزشتہ روز جاری ہوئے تھے۔ جیل حکام نے عدالت کو وزارت داخلہ کے احکامات سے آگاہ کر دیا۔ شفقت حسین کی پھانسی کم عمری کے تنازعہ کے سبب ملتوی کی گئی۔

مزیدخبریں