لاہور+ قصور (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی بندش میں اضافہ ہو گیا ہے اور یہ بندش 10 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گئی اور لوگ سراپا احتجاج بن گئے جبکہ پنجاب بھر میں ٹیکسٹائل اور دیگر صنعتوں کیلئے 4 گھنٹے کا لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گرمیوں کا آغاز ہوتے ہی پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا۔ پنکھے اور اے سی چلنے سے بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوزکر گیا۔ پنکھے اے سی چلتے ہی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور پنجاب کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ 14 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے جبکہ شہری علاقوں میں بھی 10 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ بجلی کی پیداوار 9 ہزار میگاواٹ اور طلب 13,600 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ واپڈا ذرائع کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا امکان ہے جس کی بنیادی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی اور فیول کی قلت ہے اور پاور ہائوسز اپنی صلاحیت سے کم بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں لیسکو حکام کے مطابق بجلی بحران شدید ہو گیا ہے، صنعتی سیکٹر میں پیر کے روز سے ہی لوڈشیڈنگ شروع ہو چکی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتوں کی بجلی شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک بند رہے گی۔ چیئرمین شیخوپورہ انڈسٹریل اسٹیٹ منظور نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ مسترد کرتے ہیں، صنعتیں نہیں چلیں گی تو روزگار کیسے ملے گا۔ پنجاب کی صنعتوں سے مسلسل زیادتی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی چوری جیسی لعنت کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ لائن لاسز اور دیگر ٹیکنیکل مسائل جو کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا باعث بنتے ہیں، کا ازالہ گرڈ سٹیشنوں کی استعداد کار بڑھا کر اور نئے گرڈ سٹیشنوں کی تعمیر سے کیا جا رہا ہے۔ میرے محکمے میں کرپٹ اہلکاروں اور افسروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے اس امر کا اظہار ضلع قصور میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کھلی کچہری میں آنے والے بجلی صارفین کی شکایات سنیں اور فوری طور پر بجلی کے بلوں اور دیگر امور سے متعلق شکایات کے ازالہ کا حکم دیا۔ کھلی کچہری کے دوران وزیر مملکت چودھری عابد شیر علی نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ڈی او مصطفی آباد سب ڈویژن سمیت 6 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ اس موقع پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق موسم گرما میں معمولی شدت آتے ہی صفدر آباد میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی جس سے عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ وہاڑی اور بصیرپور میں طویل لوڈشیڈنگ کی گئی۔
گرمی بڑھتے ہی بجلی کی بندش میں اضافہ، صنعتوں کیلئے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری
Mar 25, 2015