گوالمنڈی میں چھت گر گئی، باپ 2 کمسن بیٹیوں سمیت جاں بحق

Mar 25, 2015

لاہور (نامہ نگار)گوالمنڈی کے علاقہ میں ایک مکان کی چھت گرنے سے باپ اپنی دو کمسن بیٹیوں سمیت ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکی بیوی اور دو مزدور شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گوالمنڈی کے علاقہ برف خا نے والی گلی میں اکرام اپنے بیوی، بچوںکے ہمراہ ایک مکان کی دوسری منزل پرکرائے پر رہائش پذیر تھا جبکہ مالک مکان صفدر گجر نے انکی چھت پر ایک اور کمرے کی تعمیر شروع کررکھی تھی۔ گزشتہ روز زیرتعمیرکمرے کی دیوار دوسری منزل پر آن گری اور پھر دوسری منزل کی چھت بھی گر گئی جس سے ملبے تلے دب کر اکرام کی دو کمسن بیٹیاں2 سالہ دُعا اور 4 سالہ نور فاطمہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ اکرام، اسکی بیوی ارشاد بی بی اور دو مزدور اقبال اور منشا شدید زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس، ریسکیو 1122، ایدھی و دیگرامدادی ٹیمیںموقع پر پہنچ گئیں۔ تنگ علاقہ اور رش کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امدادی ٹیموں نے دونوں بچیوں دعا اور نور فاطمہ کی نعشیں ملبے تلے سے نکال لیں جبکہ زخمی اکرام، اسکی بیوی ارشاد بی بی اورر دونوں مزدوروں اقبال اور منشا کو ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں 36 سالہ اکرام بھی زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیاجبکہ زخمی ارشاد بی بی کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق مالک مکان صفدر گجر کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ علاوہ ازیں دو بچیوں سمیت تین افراد کی ہلاکت پر علاقہ میں سوگواری کی فضا چھا گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گوالمنڈی میں چھت گرنے سے 2 بچوں اور ان کے والد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔علاوہ ازیں سید مٹھا بازار میں تین منزلہ مکان کی چھت گرنے سے 2بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹبی سٹی کے علاقہ سید مٹھا بازار میں تین منزلہ مکان کی چھت اچانک زوردار دھماکے سے نیچے گر گئی ۔جس کے نتیجے میں گلی میں کھیلتے ہوئے دو بچے حسن وغیرہ ملبے تلے دب کرزخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق عمارت انتہائی مخدوش تھی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بار بار نوٹس جاری کئے گئے تھے ۔

مزیدخبریں