افغانستان : ڈرون حملہ، 13 پاکستانی طالبان ہلاک: وادی تیراہ: مزید 20 دہشتگرد مارے گئے

کابل + خیبر ایجنسی (رائٹرز + اے ایف پی + نیوز ایجنسیاں) پاکستانی سرحد کے قریب افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں 13 پاکستانی طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی بمباری سے 20 دہشت گرد ہلاک 6 زخمی ہوگئے جبکہ انکے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے علاقے نازیان میں امریکی جاسوس طیارے نے طالبان ٹھکانے پر دومیزائل داغے جس کے باعث ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حملہ کے نتیجہ میں 13 پاکستان طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ پاکستانی انٹیلی جنس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے طالبان کا تعلق لشکر اسلام سے تھا۔ آن لائن کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کے 7 طالبان کمانڈر بھی شامل ہیں جبکہ حملے میں لشکر اسلام کے رہنما منگل باغ کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری اور بھاری توپ خانے کے استعمال سے 20 دہشت گرد ہلاک جبکہ6 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں۔ منگل کے روز خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی مدد سے شدید گولہ باری کی جبکہ دوسری طرف زمینی کارروائی میں بھاری توپخانہ کا استعمال بھی کیا۔ سکیورٹی حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وادی تیراہ میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان اور لشکر اسلام کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی اور بھاری توپ خانے کا استعمال کیا گیا جس سے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے مکمل طو رپر تباہ ہوگئے۔ 6 زخمی دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن