سلام آباد (آن لائن) امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی پاکستان کا 2 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ نور خان ایئربیس پر وزیراعظم نوازشریف نے معزز مہمان کو رخصت کیا، اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی معزز مہمان کو الوادع کہا۔ وطن روانگی سے قبل امیر قطر نے شکر پڑیاں کا دورہ کیا اور وہاں چیڑ کا پودا بھی لگایا۔ یاد رہے اس سے قبل شیخ تمیم بن حماد الثانی کی پاکستان آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اسلام آباد آمد پر پاکستان اور قطر کے درمیان تعلیم، کھیل، نوجوانوں کے امور اور میڈیا اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے اور فروغ کے معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے، امیر قطر نے صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے ملاقاتیں بھی کیں۔