امریکہ نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی آپریشنل صلاحیتیں بڑھانا شروع کر دیں

Mar 25, 2016

اسلام آباد (مقبول ملک/ نیشن رپورٹ) افغان طالبان کی جانب مفاہمتی عمل میں شرکت سے انکار سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امریکہ نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی آپریشنل استعداد میں اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ شپنگ انڈسٹری کے ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ امریکی فوج نے حال میں افغانستان میں گاڑیوں سمیت مزید ساز و سامان بھیجا ہے۔ یہ ساز و سامان افغانستان میں امریکی فورسز کے نئے کمانڈر جنرل جان ڈبلیو نکلسن کے آنے کے بعد بھیجا گیا ہے۔ شپنگ انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق امریکی بحری جہاز نیا سامان لیکر یکم مارچ کو کراچی پورٹ پر آیا اور سامان اتار کر 6 مارچ کو واپس چلا گیا۔ ذرائع کے مطابق سامان میں 401 فوجی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے بھی 4 کشتیاں، ٹی سی کرافٹ اور دیگر سامان درآمد کیا ہے۔ مبصرین کے مطابق افغانستان میں جنگی ساز و سامان بھیجنے کی وجہ طالبان کی جانب سے حملوں میں اضافے کا خطرہ ہے۔

مزیدخبریں