مظفر گڑھ/ گوجرانوالہ/ حافظ آباد (نیوز ایجنسیاں+نمائندہ خصوصی) مظفر گڑھ اور گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثات کے دوران ماں بیٹی سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق مظفر گڑھ میں زائرین کی بس الٹ گئی‘ حادثے میں 2 جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ بس میں سوار افراد سخی سرور مزار جا رہے تھے کہ ڈی جی خان روڈ پر ترکش کالونی کے قریب بس الٹ گئی۔ ادھر حافظ آباد میں فیکٹری ملازمین کو لے جانے والی بس الٹ گئی۔ حادثے میں خواتین سمیت 40 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 11 خواتین بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء لودھراں میں بستی لائل پور کے قریب بس الٹنے سے 16 افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثات کے دوران ماں بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو مگئے۔ شاہ کوٹ کی رہائشی 35 سالہ نسرین بی بی اپنی 12 سالہ بیٹی انیلہ کے ہمراہ سامان کی خریداری کیلئے بازار جا رہی تھی جی ٹی روڈ پر سڑک عبور کرنے کے دوران تیز رفتار موٹرسائیکل نے انہیں ٹکر مار کر دی جس کے نتیجے میں شدید زخمی ہونیوالی دونوں ماں بیٹی کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں ، علاوہ ازیں لدھیوالا وڑائچ میں تیز رفتار گدھا گاڑی کی زد میں آکر ستر سالہ رفیق موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔