کوئٹہ/ ژوب (آن لائن) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ وژوب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کوئٹہ اور ژوب میںمکان کی چھت اور دیواریں گرنے سے2 بچے جاں بحق جبکہ 2 خواتین سمیت3 افراد زخمی ہوگئے جمعرات کی صبح کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے بعد ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ قلات، مستونگ، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، زیارت، کان مہترزئی اور خانوزئی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم خوشگوار ہو گیا اور حالیہ بارشوں سے زمینداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ کئی علاقے زیرآب آگئے وادی کوئٹہ میں کل رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور جمعرات کو تیز بارش بھی ہوئی۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ میں ارباب سٹریٹ میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے 9 سالہ محمد شفیع اس کے نیچے آکر ہلاک ہو گیا۔ اسی طرح بلوچستان کے علاقے ژوب میںمکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے گزشتہ روز ژوب کے علاقے گنج محلہ میں عیدگاہ کے قریب بارش کے باعث نعمت اللہ کے مکان کی چھت گرنے کے باعث نو سالہ بچہ کلیم اللہ جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے شہر ہرنائی اور گرد و نواح میں شدید بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ کوئٹہ، زیارت نیشنل ہائی وے بھی کئی مقامات پر متاثر ہو گئی۔ تیز بارش سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا اور درجنوں پرندے ہلاک ہو گئے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری چھت، دیواریں گرنے سے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی، ندی نالوں میں طغیانی
Mar 25, 2016