گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) نوجوان نے 4 سالہ بچی کو قتل کر دیا۔ مبینہ زیادتی کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق عفان جی ٹائون کے رہائشی محنت کش ندیم کی 4 سالہ بیٹی شہر با نو گھر کے قریب ہی رہائش پذیر اپنی نانی کے گھر گئی ہوئی تھی جہاں پر اس کی والدہ کا کزن ریاست اسے گھر سے چیز دلا نے کے بہانے دکان پر لے کر گیا مگر تھوڑی دیر بعد وہ بچی کو مردہ حالت میں اسکی نانی کے گھر پھینک کر فرار ہو گیا۔ سبزی منڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا، بچی کی والدہ کا کہنا تھا اس کا کزن ریاست نشے کا عادی ہے جو شہر بانو کو دکان سے چیز دلا نے کے بہانے لیکر گیا اور تھوڑی دیر بعد بچی کو مردہ حالت میں پھینک کر فرار ہو گیا۔ ادھر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کمسن بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ ریاست کو حراست میں لیکر تفتیش کی جا رہی ہے جس کا کہنا ہے وہ شہر بانو کو گود میں اٹھا کر لیجا رہا تھا گلی میں ٹھوکر لگنے کے باعث دونوں زمین پر گر گئے۔ بچی کی حالت غیر ہونے پر اسے قریبی کلینک میں لیجایا گیا مگر وہ دم توڑ گئی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا بچی سے بظاہر زیادتی کے کوئی شواہد نہیں ملے اور نہ ہی ریاست اسے نانی کے گھر پھینک کر فرار ہوا تھا، کمسن بچی کے ورثاء بھی تاحال قانونی کارروائی نہیں کروا رہے۔