برسلز : تیسرے خودکش حملہ آور کی بھی شناخت ہو گئی‘ حکام : دو وزراءنے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی

برسلز (اے ایف پی+ رائٹر+ ایجنسیاں) بیلجیئم کے وزیر داخلہ اور وزیر انصاف نے انٹیلی جنس کی ناکامی اور دہشت گردوں کے خلاف غفلت کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہونے کی پیشکش کی ہے۔ بیلجیئن حکام نے 3 خودکش حملہ آوروں کی شناخت کی تصدیق کی ہے جبکہ چوتھے کی تلاش جاری ہے۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق دو بھائیوں ابراہیم البکرادی نے ائر پورٹ، مالبیک نے میٹرو پولیس سٹیشن پر حملہ کیا جبکہ پولیس حکام کے مطابق بم بنانے کا ماہر نجم العشراوی ائر پورٹ پر حملہ کرنے والا دوسرا شخص ہے۔ پولیس حکام ائر پورٹ پر حملہ کرنے والے تیسرے شخص کی تلاش میں ہیں جس نے ہیٹ اور سفید جیکٹ پہن کھی تھی۔ نجم العشراوی بھی پیرس دھماکوں کا مشتبہ ملزم ہے۔ وہ برسلز کے کیتھولک سکول میں ماڈل طالب علم تھا۔ سکول کے اساتذہ کے مطابق وہ بہت اچھا طالب علم تھا کبھی فیل نہیں ہوا۔ اسے سی سی ٹی وی کے ذریعے ائر پورٹ کے ہال میں دیکھا گیا جس کا دھماکہ خیز مواد والا سوٹ کیس نہ پھٹ سکا۔ 3 افراد جن کی شناخت ظاہر کی گئی ہے ان کا پیرس دھماکوں سے بھی تعلق تھا۔ بیلجیئن حکام اس وقت دو مفروروں کی تلاش میں ہیں۔ بیلجیئم اور فرانس کے حکام نے ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والا خودکش بمبار پیرس میں ہونے والے پرتشدد حملوں کے لیے بم بنانے والوں میں شامل تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور کا ڈی این اے پیرس حملوں میں استعمال ہونے والی خودکش جیکٹ سے ملا تھا۔ دوسری طرف برسلز میں بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ شہر کے مرکز میں ہزاروں لوگ جمع ہوئے ہیں جنہوں نے پھول رکھے، موم بتیاں جلائیں۔ انہوں نے مرنے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں، پھول چڑھائے اور دعائیہ نظمیں گائیں۔ تقریب میں مسلمانوں نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہاتھوں میں پوسٹر اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ میٹرو سٹیشن کے باہر یادگار پر بیلجئیم کے بادشاہ فلپ اور ملکہ متھلڈا نے پھول چڑھائے۔ برسلز میں یورپی یونین کی عمارت کے باہر تنظیم میں شامل ملکوں کے پرچم سر نگوں کر دئیے گئے۔ دوسری جانب لندن میں عمارتوں کو بیلجیئم کے پرچم کے رنگوں میں رنگ دیا گیا ۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ماسکو میں بیلجیئم کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور خود کش دھماکوں میں مرنے والوں کی یادگار پر پھول پیش کئے۔ برطانوی حکام نے برسلز دھماکوں کے حوالے سے ٹوئٹر پیغام دینے والے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ادھر برسلز میں ابھی تک لوگ اپنے لاپتہ پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ برسلز دھماکوں کے بعد جاری ویڈیو میں داعش نے جہاد جاری رکھنے کے لئے کہا ہے۔ برسلز دھماکوں میں ہلاک افراد کی یاد میں تقریب اتوار کو ہو گی۔ تقریب میں وزیراعظم بیجلیئم اور پوری کابینہ شریک ہو گی۔ ائر پورٹ اتوار تک بند رہے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق برسلز دھماکوں میں لاپتہ افراد میں د و امریکی حکام بھی شامل ہیں۔ کسی امریکی کی ہلاکت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ برسلز میڈیا کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے حملے کے سلسلے میں گرفتار مشتبہ دہشت گرد نجم العشراوی نہیں۔ اس سے پہلے برسلز میڈیا نے کہا تھا کہ دہشت گرد حملے کے سلسلے میں جسے گرفتار کیا گیا ہے وہ مشتبہ نجم العشراوی ہے۔ لیکن اب اس کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے مشتبہ دہشت گرد شخص کو پہچاننے میں غلطی ہوئی ہے۔ برسلز میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد امریکہ نے یورپ میں اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کے لئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بیلجیئن حکام کو میٹرو سٹیشن پر حملہ کرنے والے دوسرے شخص کی تلاش جاری ہے۔ امریکی ری پبلیکن رکن کانگرس ڈیون نیونیس نے کہا ہے کہ برسلز حملوں کا اصل ہدف امریکی تھے کیونکہ یہ دھماکہ امریکی ائر لائن کا¶نٹر کے پاس ہوا ہے۔

برسلز (آئی این پی+ نیٹ نیوز) پیرس حملوں کے مشتبہ ملزم صالح عبدالسلام کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ بیلجیئم سے فرانس کو اپنی حوالگی کی مزاحمت نہیں کریں گے۔ وہ فرانس جانے کو تیار ہیں۔ صالح عبدالسلام نومبر میں پیرس پر ہونے والے حملوں کے مرکزی ملزموں میں سے ایک ہیں۔ عبدالسلام کے وکیل سوین مری نے بتایا کہ ’عبدالسلام جلد فرانس جانے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ وہاں جا کر اپنی صفائی پیش کریں۔‘ اس سے پہلے سوین مری نے اس سے پہلے کہا تھا کہ صالح عبدالسلام اپنی حوالگی کے خلاف قانونی لڑائی کا ارادہ رکھتے تھے لیکن وہ پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے تھے۔ بیلجیم نژاد عبدالسلام فرانس کے شہری ہیں جنہیں فرانس لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسکی حراست سے متعلق سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے عبدالسلام کا کہنا ہے کہ وہ فرانس جا کر صفائی دینگے۔

صالح عبدالسلام

ای پیپر دی نیشن