اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ : قومی ٹیم کے 20 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

Mar 25, 2016

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک روزہ ٹرائل کے بعد اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے قومی ٹیم کے 20 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ محمد عرفان قومی ٹیم کی قیادت کرینگے۔ ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے پاکستان سینئر اور جونیئر ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز منعقد ہوگی۔ تجربہ کار کھلاڑی حسیم خان سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان سینئر اور جونیئر ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ کو سرگودھا میں دوسرا 30 مارچ کو خوشاب میں جبکہ تیسرا میچ 31 مارچ کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں فلڈ لائٹس میں کھیلا جائیگا۔ ٹیسٹ میچز کے بعد سینئر ٹیم کے سکواڈ سے دو کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا جائے گا جبکہ 18رکنی ٹیم ملائیشا میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔ جمعرات کو ہونے والے ٹرائلز کو چیف سلیکٹر رشید جونیئر اور دیگر سلیکٹرز نے دیکھا، اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر بریگڈئیر( ر) خالد کھوکھر، سکریٹری شہباز احمد بھی موجود تھے،سلیکٹرز نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت سے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی، منتخب کھلاڑیوں میںدو نئے کھلاڑی اعجاز احمد اور عبدالکریم خان کوشامل کیا گیا ہے،جن کھلاڑیوں کو انتخاب کیا گیا ہے ان میں عمران بٹ، مظہر عباس، سید کاشف شاہ، محمد عرفان( کپتان)، محمد توثیق ارشد، راشد محمود، حماد شکیل بٹ،محمد عرفان جونیئر، علی شان، اعجاز احمد، کاشف جاوید، محمد علیم بلال، محمد رضوان جونیئر، فرید احمد، تصور عباس، محمد عمر بھٹہ، محمد ارسلان قادر،محمد رضوان سنیئر، رضوان علی، اور عبدالکریم خان شامل ہیں۔ پاکستان جونیئر ٹیم کے انتخاب کے لیے ایک روزہ ٹرائلز آج جوہر ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہونگے۔

مزیدخبریں