گستاخانہ مواد: مسلم ممالک معاملہ عرب لیگ ، او آئی سی اور اقوام متحدہ میں اُٹھائیں گے

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی + خبر نگار خصوصی) مسلم ممالک نے گستاخانہ مواد کا معاملہ او آئی سی ، عرب لیگ اور اقوام متحدہ میں اٹھانے پر اتفاق کیا ہے۔ سفیروں کے اجلاس میں پیش کردہ حکمت عملی پراصولی اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کی زیر صدارت مسلم ممالک کے سفیر وں کا اجلاس ہوا۔ آذر بائیجان ، بوسنیا، قازقستان، لبنان، مالدیپ، قطر ، صومالیہ، تاجکستان، ترکی کے سفیروں نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے حوالے سے ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اعلامیہ کے مطابق مقدس ہستیوں کیخلاف پراپیگنڈہ کا موثر جواب دینے پر غور کیا گیا۔ مسلم اُمہ ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے متحد ہے۔ وزارت خارجہ گستاخانہ مواد روکنے کیلئے سٹریٹجی بنائیگی۔ سٹریٹجی پیپر تمام مسلم ممالک کے حوالے کیا جائیگا، مسلم سفیر اپنی حکومتوں سے رابطہ کر کے رائے حاصل کریں گے ۔ مسلم ممالک کی آراءپر مشتمل حکمت علمی طے کی جائیگی۔ عرب لیگ، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو ریفرنسز بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، ریفرنسز میں گستاخانہ مواد کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ مسلم ممالک سے آراءملنے کے بعد معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا جائیگا۔ مسلم ممالک کی عدالتوں میں قانونی جنگ لڑنے کا جائزہ لیا جائیگا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ مذہب اور مقدس ہستیوں کی بے حرمتی نا قابل برداشت ہے۔ دنیا کا کوئی قانون کسی مذہب کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔ دنیا کو اسلام فوبیا سے نکالنے کیلئے مسلم اُمہ ملکر کام کرے، دنیا تسلیم کرے مذہب کی بے حرمتی بھی دہشت گردی ہے۔ مغربی دنیا اسلام اور مسلمانوں کے حوالے سے دوہرا معیار نہ اپنائے۔ سفیروں نے معاملہ کو اُجاگر کرنے پر وزیر داخلہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ سفیروں نے چودھری نثار کے کردار کو سراہا، سفیروں نے پیش کردہ حکمت عملی پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ 25 مسلمان ممالک کے سفیر شریک ہوئے ،سیکرٹری خارجہ، داخلہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ سے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ملاقات کی اور اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کو اندرونی و بیرونی طور پر کئی چیلنجز درپیش ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ بیرونی محاذ پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے، عالمی دنیا میں پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا موقف موثر طور پر اقوام عالم کو پہنچانے میں آپ اپنی صلاحیتیوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن