لاہور(کامرس رپورٹر) بیمہ کے شعبے کے بین الاقوامی فورم، میوچل ایکس چینج فورم آن انکلوسیو انشورنس نیٹ ورک کی سال 2017کے لئے سربراہی کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہو گیا ہے اور پاکستان2017 میں انشورنس کے بین الاقوامی میوچل ایکس چینج فورم کی سربراہی کرے گا۔میوچل ایکس چینج فورم، بر اعظم ایشیاکے ممالک کے انشورنس سیکٹر کے ریگولیٹرز اور پالیسی سازوں کی اہم نمائندہ تنظیم ہے۔ تنظیم میں شامل ممالک انڈونیشیا، فلپائن، ویتنام، نیپال، منگولیا اور پاکستان نے خطے سے غربت کے خاتمے کے لئے کم آمدنی والے افراد کے لئے انشورنس کی سہولت کی فراہمی اعادہ کیا ہے۔ یہ فورم کم آمدنی والے افراد کے لئے بیمہ کی پالیسیوں پر معلومات اور تجربات کے تبادلہ کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس فورم کے ذریعے بیمہ کے ماہرین کم آمدنی والے افراد کے لئے انشورنس کی فراہمی کے لئے ایسی پالیسیاں وضع کی جاتی ہیں جو کہ تمام ممالک کے لئے سود مند ہوں۔ میوچل ایکس چینج فورم آن انکلوسیو انشورنس نیٹ ورک کے پلیٹ فارم سے دوسرا پیبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ ویت نام کے شہر ہنوئی میں ہوا جس میں میونخ ری فاؤنڈیشن اور مائیکرو انشورنس نیٹ ورک بھی شامل ہوئے۔ پاکستان اس تنظیم کے فورم سے رکن ممالک کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔