اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ 2017کی مردم و خانہ شماری پر کام بہتر ین انداز میں جاری ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو اعزا ز حاصل ہوا ہے کہ 19 سال کے بعد ایک بہت بڑے ٹاسک پر کام شروع کیا ہے۔ مردم و خانہ شماری کو شفافیت اور عالمی معیار کی بہترین اصولوں کے تحت مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے مردم شماری کے حوالے سے کام میں مصروف سٹاف بشمول پاکستان آرمی کے عملے کی محنت اور خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں مردم شماری کے حوالے سے بہتر انداز میں کام جاری رہیگا۔ جمعہ کو وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں ملک میں جاری 2017ءکی خانہ و مردم شماری کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرقانون و انصاف زاہد حامد، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون بیرسٹر ظفر اللہ خان، وزیراعظم کے شماریات کے حوالے سے معاون خصوصی خواجہ ظہیر احمد، سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری شماریات ڈاکٹر شجاعت علی اور چیف شماریات آصف باجوہ نے شرکت کی۔ ادارہ شماریات کے سربراہ آصف باجوہ نے مردم شماری کے فیز ون کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے خواجہ ظہیر احمد کی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے شماریات تقرری پر خوش آمدید کہا۔
اسحاق ڈار