گجرات/ حاصل پور/ وہاڑی / ساہیوال/ راولا کوٹ/ اٹک/دیر بالا (نامہ نگاران+نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی ) گجرات، حاصل پور، وہاڑی ، راولا کوٹ، اٹک اور دیربالا میں ٹریفک حادثات کے دوران چچا بھتیجی اور 2 حقیقی بھائیوں سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے لکھن وال کے قریب تیز رفتار بس مخالف سمت سے آنیوالے کیری ڈبہ کیساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں طالبات کو سکول لیکر جانیوالے کیری ڈبہ میں سواراُسکا ڈرائیور افتخار ساکن ککیانوالہ اور اسکی بھتیجی صائقہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 طالبات زخمی ہو گئیں۔حاصل پور میں دو بھائی حسن اور حسین موٹر سائیکل پر گھر جارہے تھے دانش سکول کے قریب سامنے سے آنے والے ٹرالے سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ وہاڑی میں چک 40ڈبلیو بی ،5وٹی کا عا شق حسین اپنی بہو 30 سالہ زاہدہ بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہاتھا کہ گڑھاموڑ کے قریب اچانک سڑک پر اونٹوں کا ریوڑ آگیا جس سے بچنے کیلئے اس نے جیسے ہی بریک لگائی تو پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرک نے اسے کچل گیا جس کے نتیجہ میں دونوں موقع پر جا ں بحق ہوگئے۔ ساہیوال، عارفوالا روڈ پر خواجہ عارف کے قریب دلو پل پر ایک تیزرفتار کار 1495/ بی این اے الٹ جانے سے زمیندار اسد حسین اور اسکی چچی زاور بی بی جاں بحق اور اسکے تین بچے شدید زخمی ہوگئے ۔علاوہ ازیں آزاد پتن راولا کوٹ کے قریب وین کھائی میں گر گئی جس سے8افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ، وین راولپنڈی جا رہی تھی۔علاوہ ازیں بوسال روڈ اٹک میں ویگن کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 4 نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ دیر بالا میں صاحب آباد کے علاقے دسلوڑ کے مقام پر کار بے قابو ہوکر دریائے پنجکوڑہ میں جاگری جس کے نتیجے میں تبلیغی جماعت کے مولانا سلیمان سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جمعہ کی رات صاحب آباد تبلیغی مرکز سے خال جانے والی کار دیر پشاور شاہراہ پر دسلوڑ کے مقام پر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دریامیں جاگری جس کے نتیجے میں کار میں سوار مولانا سلیمان سمیت 5 افراد دریا میں ڈوب گئے۔ چار افراد کی نعشیں دریا سے نکال لی گئیں جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔