لاہور/ ملتان (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جمعہ کی چھٹی ختم ہونے سے کروڑوں لوگ چاہتے ہوئے بھی بروقت جمعہ ادا کرنے سے محروم رہتے ہیں جس کا سارا وبال حکمرانوں کی گردن پر ہے۔ سود کے حق میں اپیل اور جمعہ کی چھٹی کا خاتمہ موجودہ حکمرانوںکے دو ایسے فیصلے ہیں جو دنیا و آخرت میں سراسر خسارے کا سودا ہے مگر حکمران اللہ سے ڈرنے اور توبہ کرنے کی بجائے مغرب کی خوشنوددی پر خوش ہیں۔ اتوار کی چھٹی سے معیشت میں کوئی بہتری نہیں آئی بلکہ موجودہ دور حکومت میں اندرونی اور بیرونی قرضوں میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔ حکمرانوں کے غلط فیصلوں اور مغرب کی تابعداری کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ اپریل میں سود کے خلاف ایک بڑی عوامی تحریک چلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب سے وطن واپسی پر کارکنوں سے گفتگو اور جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں دین اور اسلامی شعائر سے دور کرنے کی گھنائونی سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے جمعہ کی چھٹی ختم ہوئی بے برکتی اور نحوست نے ملک کو گھیرے میں لے لیا اور ملکی معیشت کی کشتی مسلسل ڈوبتی جارہی ہے۔ تجارتی خسارا بڑھتے بڑھتے کئی سو ارب تک پہنچ گیا ہے، صنعتیں بند اور زراعت ڈگمگا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اب بھی توبہ کرلیں اور اس کے ساتھ جنگ سے باز آجائیں ۔جمعہ کی چھٹی فوری بحال کریں اور سود کے حق میں سپریم کورٹ میں کی گئی اپیل کو واپس لیکر ملک میں بلاسودی معیشت کا آغاز کردیں۔