واشنگٹن(این این آئی) 13 کھرب ڈالر امریکی بجٹ میں صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکی فوج کیلئے مختص فنڈز میں اضافے کے اعلان کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے بل میں دفاعی اخراجات میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ امریکی فوجیوں کی تنخواہوںمیں 2.4 فیصد اضافے کیلئے رقم بھی رکھی گئی ہے تاہم بِل میں صدر ٹرمپ کے امیگریشن سے متعلق منصوبوں میں سے صرف چند کیلئے ہی رقم مختص کی گئی ہے۔ڈیموکریٹ اور ریپبلکن رہنماﺅں کے درمیان کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد بالآخر مالیتی بِل میں میکسیکو کی سرحد پر دیوار اور دیگر رکاوٹیں تعمیر کرنے کیلئے ایک ارب 60 لاکھ ڈالر مختص کردیے گئے ہیں۔یہ رقم صدر ٹرمپ کی جانب سے مانگی جانے والی 25 ارب ڈالر کی رقم سے کہیں کم ہے۔غیر قانونی تارکین وطن کی آمد اور سمگلنگ روکنے کیلئے میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر صدر ٹرمپ کا ایک اہم انتخابی وعدہ تھا جس کیلئے وہ کانگریس سے بارہا فنڈز دینے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ڈیموکریٹس اس تجویز کے سخت مخالف ہیں اور ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی سربراہ نینسی پیلوسی نے بِل میں دیوار کی تعمیر کیلئے بہت تھوڑی رقم رکھے جانے کو اپنی پارٹی اور اسکے موقف کی فتح قرار دیا ہے۔
امریکی بجٹ
امریکی بجٹ: دفاعی اخراجات میں اضافہ، میکسیکو سرحد پر دیوار کیلئے رقم مختص
Mar 25, 2018