لاہور ، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ پی پی عوامی فلاح اور مسلم لیگ(ن) دکھاوے کے منصوبوں پر یقین رکھتی ہے۔ لاہور میں ایک بھی سرکاری ہسپتال نہیں جہاں دل اور کینسر کا مفت علاج ہو۔ سندھ پاکستان کا واحد صوبہ ہے جہاں دل، کینسر اور گردوں کا علاج مفت ہوتا ہے۔ پی آئی سی لاہور میں دل کے مریض کو 6,6ماہ کی تاریخ ملتی ہے۔ پنجاب میں آج بھی غریب لوگ دل کی بیماریوں کے علاج پر لاکھوں روپے لگا رہے ہیں۔دریں اثنا خورشید شاہ نے سیکرٹری ایوی ایشن ڈو یژن اور سی ای او پی آئی اے کو کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر ہر سال کی طرح اس سال بھی 3 اور 4 اپریل کوخصوصی پروازیں چلانے کے انتظامات کئے جائیں۔اسلام آباد سے سکھر براستہ لاہور 3 اپریل کو دن 11 بجے اور سکھر سے اسلام آباد براستہ لاہور 4 اپریل کو رات 8 بجے خصوصی فلائٹ چلانے کے انتظامات بھی کئے جا ئیں ۔ اسی طرح کراچی سے سکھر 3 اپریل دن 11 بجے اور واپسی سکھر سے کراچی 4 اپریل کو رات 8 بجے خصوصی فلائٹ چلائی جائے۔