پاکستان ، امریکہ تعلقات وسیع البنیاد ، ڈالروں میں نہیں ناپا جاسکتا: اعزاز چوہدری

واشنگٹن (آن لائن) امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ تعلقات وسیع البنیاد ہیں، انہیں ڈالر میں نہیں ناپا جا سکتا۔ پاکستان امریکہ سٹریٹجی کو مل کر آگے بڑھنا چاہئے، امریکہ کو بتایا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنے وسائل سے کوشش جاری رکھیں گے۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہا امریکہ اقتصادی اور ترقیاتی پروگرام جاری رکھنا چاہتا ہے، اسے ادراک ہو رہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر چلنا چاہئے کیونکہ اب تک جو کامیابیاں حاصل ہوئیں، وہ مل کر کام کرنے سے ہوئیں۔ ہم امریکی عہدیداروں کے ساتھ کھلے ذہن سے مل کر کام کرتے ہیں اور نئے سکیورٹی ایڈوائزر جان بولٹن کے ساتھ بھی یہی پالیسی اختیار کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا پاکستان، افغانستان اور خطے میں امن اور پاکستان امریکہ تعلقات میں بہتری ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور ہم امریکہ کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں امن پاکستان سے زیادہ کوئی نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان مصالحتی عمل سے امن آنے کی امید بنتی ہے اور افغانستان میں جتنے سٹیک ہولڈرز ہیں انہیں مل کر بیٹھنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن