ہر ادا رے کو آئینی دائرہ معلوم، مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے : فضل الرحمن

Mar 25, 2018

لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے لاڑکانہ میں دستار فضیلت کی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا ہے مدارس نے مذہب اسلام کی روشنی کو مدھم نہیں ہونے دیا۔ یہ مدارس آج بھی روشنی کی کرنیں بکھیر رہے ہیں۔ آج دنیا میں کئی حوالوں سے جنگ ہے۔ اسلام معاشی نظام بھی ہے عالمی قوتیں کبھی دیندار لوگوں کی حکومت نہیں بننے دیں گی۔ فحاشی اور ناچ گانے کو آج کلچر کا نام دیا جا رہا ہے۔ ووٹ عوام کی تلوار ہے، حق کیلئے استعمال کریں یا باطل کیلئے۔ لاڑکانہ سے کامیاب ہونے والو، لاڑکانہ کا حال دیکھ لو، لاڑکانہ والوں سے آخر دشمنی کیوں ہے؟ ہم مزید تمہیں عیاشیوں کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ملک غریبوں کے خون سے بنا ہے، جاگیرداروں کی عیاشیوں کیلئے نہیں۔ یہ سر اونچا کرنے کیلئے، تمہارے سامنے جھکانے کیلئے نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہونا چاہئے۔ ہر ادارے کو آئینی دائرہ معلوم ہے۔ سیاست کے دائرے میں آنے کی کوشش کرو گے تو تنقید بھی سہنی ہو گی۔ ہم اپنا مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔ لاڑکانہ کو کھنڈر بنا دیا، کہتے ہیں اسے پیرس بنا دیا ہے۔ اگر پیرس والوں کو دعوت دیں تو شرم آ جائیگی۔

مزیدخبریں