چیچہ وطنی (صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کو اپنے لئے ترنوالہ سمجھ رہا تھا مگر افواجپاکستان کی مؤثر جوابی کاروائی سے اسے منہ کی کھانا پڑی ، گزشتہ روز چیچہ وطنی میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما رائے حسن نواز خان کی رہائشگاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہندوستان نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھاتھا جس پر اسے دنیا بھر میںہزیمت اٹھانا پڑی ،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمجھتا تھا کہ سابقہ دور کی طرح شادی میں شرکت کیلئے پاکستان جاؤنگا اور وزیر اعظم کے گھر سے کھانا کھا کرواپس آجاؤنگا ، وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو یہ اعزازمل چکا ہے کہ ملائشیاکاہردلعزیز لیڈر مہاتیر محمد یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان آئے۔انہوں نے کہا ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں جس کی بڑی وجہ پچھلے10 برسوں میں ہونیوالی میگا کرپشن ہے،تقریب سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما رائے حسن نواز خان اور ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال نے بھی خطاب کیا،علاوہ ازیں صوبائی وزیراطلاعات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی موجودہ منتخب حکومت ملک سے کرپشن ، بے روزگاری ،مہنگائی اور غربت جیسے مسائل کے حل کیلئے مخلصانہ جدوجہد کررہی ہے اور وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب مسائل کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں انکی دہلیز پر میسر آئینگی،انہوں نے کہاحکومت صحت ،تعلیم اور زراعت کے شعبہ جات کی ترقی کیلئے خطیرفنڈز استعمال میں لارہی ہے اور حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملکی معیشت بہتری کے سفر پر گامزن ہے،سیدصمصام علی بخاری نے کہا کالعدم تنظیموں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا بیان قابل مذمت ہے،وہ اپنی لیڈر شپ کیخلاف نیب کی کاروائیوں کا غصہ اتار رہے ہیں،پیپلز پارٹی کی قیادت کیخلاف کیسز ہم نے نہیں بنائے یہ مسلم لیگ(ن) کے دور کے ہیں،انہوں نے مزید کہا نیب ایک آزاد ادارہ ہے جس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔
بھارت نے پاکستان کو تر نوالہ سمجھا پاک فوج نے دندان شکن جواب دیا: صمصام بخاری
Mar 25, 2019