ڈھاکہ (نوائے وقت نیوز) سونی دھرتی اللہ رکھے اور جیوے جیوے پاکستان جیسے مقبول گیت گانے والی شہناز بیگم انتقال کر گئیں۔شہناز بیگم بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں مقیم تھیں جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔ 67 سالہ شہناز بیگم کی نمازجنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔ شہناز بیگم 2 جنوری 1952ء کو مشرقی پاکستان کے شہر ڈھاکہ میں پیدا ہوئیں۔دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے شہناز بیگم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ وہ کمال کی گلوکارہ تھیں جنہوں نے جمیل الدین عالی کا لکھا گیا نغمہ ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ گایا جو آج تک ہمارے دل و دماغ میں گونجتا ہے۔ سقوط ڈھاکہ کے بعد شہناز بیگم نے بنگلہ دیش میں سکونت اختیار کر لی تھی‘ تاہم وہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ممالک میں یکساں مقبول تھیں۔ ان کے گائے ہوئے ملی نغمے ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ اور ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ کئی دہائیں گزرنے کے بعد بھی مقبول عام ہیں۔ شہناز بیگم نے 2010ء میںعمرے کی ادائیگی کے بعد ڈھاکہ واپسی پر انہوں نے اپنا گھر بیج کر رقم غریبوں میں بانٹ دی تھی۔ شہناز بیگم کا گایا ہوا مقبول ترین ملی نغمہ ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘ قدم قدم آباد تجھے‘‘ جمیل الدین عالی نے لکھا تھا جب کہ اس کی موسیقی سہیل رانا نے ترتیب دی تھی۔ واضح رہے کہ شہناز بیگم کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے نواز گیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے معروف گلوکارہ شہناز بیگم کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہناز بیگم کے گائے نغمے نوجوان نسل میں بھی یکساں مقبول ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے معروف گلوکارہ شہناز بیگم کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گائے نغمے قوم کی آواز بن چکے ہیں۔