وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ حکومت قومی سلامتی کے معاملات پرجامع با ت چیت کے عمل میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کی شمولیت کی خواہاں ہے۔
ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے رابطہ کیا اورانہیں قومی سلامتی سے متعلق معاملات پربات چیت میں شرکت کی دعوت دی ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت عالمی برادری میں پاکستان کی شہرت کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہاہے تاکہ وہ پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں دھکیل سکے۔انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی سے متعلق معاملات کواتفاق رائے سے نمٹانے سے متعلق جامع حکمت عملی وضع کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں کوآگے آناچاہیے۔شاہ محمودقریشی نے بھارتی وزیراعظم کے اس بیان کاخیرمقدم کیا کہ برصغیرمیں غربت پر قابوپانے ، دہشت گردی کے خاتمے اوربہتری کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ان مسائل کے حل میں پیشرفت کے لئے کبھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا اوروزیراعظم عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بھارت اور پاکستان کو اس سلسلے میں مشترکہ کاوشوں کویقینی بناناچاہیے۔