لاہور (سپورٹس رپورٹر)دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔پاکستان کا 285 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 48 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔اوپنر امام الحق پہلے اوور کی پانچویں گیند پر رچرڈسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جس کے بعد شان مسعود اور حارث سہیل نے 35 رنز کی شراکت قائم کی تو شان بھی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تیسری وکٹ پر 52 رنز کی شراکت کے بعد حارث سہیل بھی 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ عمر اکمل بھی 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوںپر 284 رنز بناسکی۔ محمد رضوان 115، شعیب ملک 60 اور حارث سہیل 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ رچرڈسن، کولٹر نیل نے 2،2 جبکہ لیون، زمپا اور فنچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 209 رنز بنائے۔ عثمان خواجہ 88 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوئے۔آسٹریلیا نے 48 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔ایرون فنچ 153 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور ان کی یہ سیریز میں مسلسل دوسری سنچری ہے جبکہ عثمان خواجہ 88 رنز بناسکے۔ کینگروز کو 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-2 کی سبقت حاصل ہے ۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا لیکن وہ اپنے کیرئیر کے پہلے میچ میں کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ پرسوں کھیلا جائے گا۔