اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلم ممالک کے سفارتخانوں اور مقامی فائیو سٹار ہوٹل کی شراکت سے منعقدہ جشن نوروز میلے میں بڑی تعداد میں شہری اور سفارتکار پہنچ گئے۔ جشن نوروز کی تقریب اور پروگرامات میں خوب محظوظ ہوئے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کیک کاٹ کر جشن نوروز کی اس اہم تقریب کا افتتاح کیا۔ جشن نوروز کا یہ میلہ اسلامی تہذیب وثقافت کا شاہکار پروگرام تھا۔ ایشیا کے مسلم ہیروز اکابرین بشمول شاعر مشرق علامہ محمد اقبال سے متعلق کتابیں اور دیگر تحریری مواد بھی موجود تھا۔ مسلم یکجہتی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو سرینا ہوٹل اسلام آباد کے وسیع سبزہ زار میں ایران، افغانستان، ترکی، تاجکستان، آذربائیجان، ترکمانستان، کرغزستان، ترکستان، ازبکستان اور قازخستان کے سفارتخانوں اور اقوام متحدہ مشن کی معاونت سے جشن نوروز کے حوالے سے میلہ منعقد کیا گیا۔ پاکستانی مصنوعات کے سٹالز بھی لگائے گئے اس حوالے سے پاک فضائیہ کے سٹال پر مختلف مصنوعات کی نمائش کی گئی۔ ایران، افغانستان، ترک بچوں، آذربائیجان اور وسط ایشیائی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے انتہائی خوبصورت اور ثقافتی رقص پیش کئے اور شہریوں اور سفارت کاروں کی داد وصول کی۔