اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)جعلی بنک اکا ئو نٹس اور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کی تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ نیب نے پہلے ریفرنس کی تیاری مکمل کرلی ہے، پنک ریذیڈنسی ریفرنس رواں ہفتے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق جعلی بنک اکا ئو نٹس اور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں تحقیقات کے بعد نیا مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔پنک ریذیڈنسی ریفرنس تیارہوچکا ہے اور نیب نے رواں ماہ ہی ریفرنس دائر کرنے کی تیاری کرلی ہے۔نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے ریفرنس کی حتمی منظوری لی جائے گی،ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت سندھ کے سرکاری افسران بھی ملزمان میں شامل ہیں۔ملزمان پر سندھ کی سرکاری زمینیں غیر قانونی طور پرالاٹ کرکے جعلی بنک اکا ئو نٹس سے ادائیگوں کا الزام ہے۔ جعلی اکا ئو نٹس کے ذریعے ادائیگیوں سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر کروڑں روپے کا نقصان پہنچا۔پارک لین اور بلٹ پروف گاڑیوں کی تحقیقات بھی حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔دونوں ریفرنسز دائر کرنے سے متعلق فیصلہ آصف علی زرداری اور بلاول کے تحریری جواب آنے کے بعد کیا جائے گا۔