لندن(انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص میں ’’حسِ شامّہ‘‘ یعنی سونگھنے کی حس اچانک ختم ہوجائے تو یہ ممکنہ طور پر اس میں کورونا وائرس موجود ہونے کی علامت ہوسکتی ہے۔یہ انکشاف انہوں نے جنوبی کوریا، چین، فرانس، اٹلی اور امریکا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ناول کورونا وائرس/ کووِڈ19 کے 30 فیصد مریضوں نے بیماری کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے سونگھنے کی حس اچانک ختم ہوجانے کے بارے میں بتایا ہے۔اس بات کا باضابطہ اعلان برٹش رائنولوجیکل سوسائٹی کے صدر، پروفیسر کلیئر ہوپکنز اور برٹش ایسوسی ایشن آف اوٹو رائنو لیرائنگولوجی کے صدر نرمل کمار نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ہے۔واضح رہے کہ ناول کورونا وائرس کی ظاہری علامات نمونیہ اور موسمی زکام سے تھوڑی سی مختلف ہیں جبکہ سونگھنے کی حس اچانک ختم ہوجانا بھی کسی دوسری وجہ سے ہوسکتا ہے۔
سونگھنے کی حس کا اچانک خاتمہ کرونا وائرس کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے،ماہرین
Mar 25, 2020