اسلام آباد (سپیشل رپورٹ ) کرونا وائرس پر امریکہ اور چین کے مابین ایک بار پھر لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے چین پر الزام لگایا ہے کہ ووہان میں جب کرونا وائرس کی وبا پھیلی تو چین نے فوری طور پر امریکہ اور دوسرے ملکوں کو اس سے متعلق آگاہ نہیں کیا تا کہ اس کا بروقت تدارک ہو سکتا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی الزام لگایا ہے کہ چین نے ووہان میں وائرس شروع ہونے کے معاملے کو کور اپ کیا۔ چینی وزارت خارجہ نے امریکی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور دوسرے ملکوں کو اس وائرس کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ بیس مارچ سے اپنے اداروں پر دبائو ڈال رہا ہے کہ وہ وائرس پھیلنے کا الزام چین پر لگائیں۔ امریکہ نے یہ بھی کہا ہے کہ چین روس اور ایران ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ چینی ترجمان نے کہا کہ یہ چور مچائے شور والی بات ہے، ہم نے امریکہ سمیت تمام ملکوں کو اس وائرس کے شروع ہوتے ہی آگاہ کردیا تھا۔